توشہ خانہ ٹو کیس میں عدالت نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکارجاری کردی۔
بشریٰ بی بی کےضمانتی مچلکے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں جمع کرادیے گئے، عدالت نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکارجاری کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ ٹو کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے باوجود بشری بی بی کی رہائی ممکن نہیں ہوسکی تھی۔
ذرائع کے مطابق بشری بی بی کے وکلاء اور ضامن جوڈیشل کمپلیکس میں صبح سے شام تک موجود رہے لیکن ٹرائل کورٹ جج شاہ ارجمند جنازے میں شرکت کے لیے چلے گئے۔ ڈیوٹی جج بھی جنازے میں شرکت کی وجہ سے موجود نہ تھے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کی عوض بشری بی بی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ یہ تو جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی طرح کا کیس ہے، اُس کیس میں بھی شوہر کو بیوی کے کیے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا، برطانوی وزیراعظم بھی تحائف اپنے ساتھ گھر لے گیا ہے، سب نے اسے کہا تو کہتا ہے کہ رولز کے مطابق لیا ہے، اُسے کہا گیا کہ رولز اپنی جگہ لیکن تمہارا ایک قد کاٹھ بھی ہے۔