بیرون ممالک میں پاکستان کےتمام اقسام کے چاول کی مانگ میں مزید اضافہ ہوگیا - پاکستان نے 3 ماہ میں چاول کی برآمد پر 72 کروڑ 18 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ کما لیا۔
دستاویز کے مطابق پہلی سہہ ماہی میں چاول کی برآمدات میں 77.63 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی سے ستمبر تک 9 لاکھ 91 ہزار میٹرک ٹن چاول برآمد کیےگئے۔ گزشتہ مالی سال پہلی سہہ ماہی میں 5 لاکھ 96 ہزار ٹن چاول برآمد کیے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال چاول برآمدات پر 40 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ آیا، ستمبر میں چاول کی برآمدات میں سالانہ 49.19 فیصد کا بھی بڑا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ صرف ایک ماہ کے دوران 3 لاکھ 74 ہزار میٹرک ٹن چاول ایکسپورٹ کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق زیرجائزہ عرصے کے دوران 3 لاکھ 74 ہزار میٹرک ٹن چاول کی برآمد پر 25 کروڑ 72 لاکھ ڈالر زرمبادلہ آیا۔ گزشتہ مالی سال ستمبر میں 2 لاکھ 55 ہزار میٹرک ٹن چاول ایکسپورٹ ہوئے تھے۔
پہلی سہہ ماہی کے دوران 2 لاکھ 52 ہزار ٹن باسمتی چاول ایکسپورٹ کیے گئے، جولائی تا ستمبر باسمتی چاول کی برآمدات میں 65.78 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔