لاہورمیں لڑکی سےمبینہ زیادتی پر جڑواں شہروں میں طلبا کےاحتجاج میں اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے گرفتار 17میں سے 14 طلبا کی ضمانت منظور کرلی، 3 کو جوڈیشل کردیا گیا ہےجبکہ راولپنڈی کی ماتحت عدالت نے گرفتار طلبا میں سے متعدد کو مقدمات سے ڈسچارج کردیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے گرفتار 17طلبا کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نائمہ عفت کی عدالت میں پیش کیا ،سول جج نے 14 طلبا کی ضمانت پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی اور 3 طلبا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ۔
دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے 8 مقدمات مختلف تھانوں میں درج کررکھے ہیں ، مقدمات 387 نامزد اور 2ہزار 425 نامعلوم افراد کیخلاف درج ہیں ، پولیس نے گرفتارملزمان میں سے طلبا کو ماتحت عدالتوں میں پیش کرنے کا سلسلہ شروع کیا تو عدالتوں نے بیشتر طلبا کا نام مقدمات سے خارج کردیا ہے۔