ملک میں ٹھنڈ کی آمد کا بگل بجا دیا گیا، اورآج سے ملک میں بارشوں کے نئے موسلا دھار سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، آج سے سترہ اکتوبر تک بادل جم کر برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہو گئی ہیںجو آج (ہفتے )رات تک بالائی اور وسطی علاقوں میں پھیل جائیں گی۔
آج سے سترہ اکتوبر تک چاروں صوبوں اور شمالی علاقہ جات کے بیشتر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں ۔
اس دوران مری، گلیات، چترال، گلگت بلتستان اور مانسہرہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سےپندرہ اور سولہ اکتوبر کے دوران بارشوں سے راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ بارشوں کے باعث ملک میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔