قومی اسمبلی اور سینیٹ کے آج ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں آئینی ترمیم کا بل شامل نہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس آج طلب کرلیے ہیں تاہم آئینی ترمیم کا بل دنوں اجلاسوں کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام چار بجے ہوگا، اجلاس کا 10 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا تاہم ایجنڈے میں آئینی ترمیم کا بل شامل نہیں۔ سینیٹ کا اجلاس بھی آج سہ پہر 3 بجے بلالیا، سینیٹ سیکریٹریٹ نے اجلاس کا 14 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا، اجلاس میں آئینی ترمیم سے متعلق ایجنڈا شامل نہیں۔
اجلاس کے دوران کمیٹی رپورٹس اور متعدد بل منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے، نیشنل فارنزک ایجنسی بل2024 ، ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ترمیمی بل2024 ایجنڈے میں شامل ہیں۔
سینیٹ میں بل وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی جانب سے پیش کیا جائے گا، اجلاس میں اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی بل2025 اور دو توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز مجوزہ آئینی ترمیم پر جاتی امرا میں بڑی سیاسی بیٹھک ہوئی، عدلیہ سے متعلق آئینی ترمیم پر ن لیگ، پی پی اور جے یو آئی متفق کیا گیا تاہم باقی نکات پر بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نواز شریف کی دعوت پر مولانا فضل الرحمان،آصف زرداری، بلاول بھٹو کی رائیونڈ آمد ہوئی وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار اوردیگر رہنما بھی شریک تھے، ملاقات میں مجوزہ آئینی ترامیم پر فیصلہ کن مشاورت کی گئی۔
عشائیے اور ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی اصلاحات کی حد تک ہم نے اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ہم بہتر طور پر آگے بڑھے ہیں، دیگر نکات پر اتفاق رائے باقی ہے، پہلے والا مسودہ کسی صورت قبول نہیں ہے۔