اسلام آباد میں احتجاج کی آڑ میں شر پسندی کرنے والے عناصر کی اہم ویڈیو اور تخریبی سامان کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔
پر امن احتجاج کا لبادہ اوڑھے شر پسند بلوائیوں نے ریاستی پولیس اہلکاروں کیخلاف تمام حدود پار کر دیں، ناقابل تردید ویڈیو شواہد میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلوائیوں نے اسلام آباد پولیس اہلکار کو حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق شر پسندوں نے پولیس اہلکار کو زدوکوب کیا، یر غمال بنانے کی کوشش کی اور نامناسب رویہ اختیار کیا۔
گرفتارشر پسندوں سے اسلحہ جس میں پستول، ایمونیشن،گیس ماسک اور خنجر بھی برآمد ہوئے، فورنزک اور جیو فینسنگ کی مدد سے ملوث عناصر کیخلاف قانونی ، کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ نام نہاد احتجاج کی آڑ میں کسی بھی طرح کی شرپسندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں سیاسی جماعت کے بلوائیوں کی پر تشدد کارروائیوں کی فوٹیج منظرِ عام پر آگئے۔ ہنگامہ آرائی پھیلانے کی نیت سے خیبر پختونخوا سے آنے والے شر پسندوں نے تمام قانونی حدود پھلانگتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر پُرتشدد حملے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، بلوائیوں کی جانب سے عوام کی حفاظت پر مامور سرکاری اہلکاروں اور پولیس پر مختلف مقامات پر حملے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ان پر تشدد حملوں میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 70 سے زائد اہلکارزخمی ہوئے، سیاسی جماعت کے بلوائیوں کا پُرتشدد احتجاج ایک پولیس اہلکار کی جان لے گیا، شرپسند عناصر پولیس کنسٹیبل عبدالحمید شاہ کو اغوا کے بعد تشدد کرتے رہے،عبدالحمید شاہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔