وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کی آڑ میں بلوائیوں کی پر تشدد کارروائیوں کو عوام نے دو ٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا۔
عوام کا کہنا ہے کہ احتجاج کے حق کی آڑ میں انتشاری بلوائیوں کا وفاقی دارالحکومت پر دھاوا اور معمولات زندگی کو متاثر کرنا سیاسی جماعت کا وتیرہ بن چکا ہے، آئے دن احتجاج اور دھرنوں سے ہمارا کاروبار بالکل تباہ ہو گیا ہے۔
پاکستانی شہریوں نے پُرتشدد حملے کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف ریاست کو سختی سے نمٹنے کی اپیل کردی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں سیاسی جماعت کے بلوائیوں کی پر تشدد کارروائیوں کی فوٹیج منظرِ عام پر آگئے۔ ہنگامہ آرائی پھیلانے کی نیت سے خیبر پختونخوا سے آنے والے شر پسندوں نے تمام قانونی حدود پھلانگتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر پُرتشدد حملے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، بلوائیوں کی جانب سے عوام کی حفاظت پر مامور سرکاری اہلکاروں اور پولیس پر مختلف مقامات پر حملے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ان پر تشددحملوں میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 70 سے زائد اہلکارزخمی ہوئے، سیاسی جماعت کے بلوائیوں کا پُرتشدد احتجاج ایک پولیس اہلکار کی جان لے گیا، شرپسند عناصر پولیس کنسٹیبل عبدالحمید شاہ کو اغوا کے بعد تشدد کرتے رہے،عبدالحمید شاہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔