ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے باعث سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ اور بلوچستان میں گیس چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے نئی گرفتاریوں اور چھاپوں کے ذریعے گیس چورں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے چوری کنٹرول یونٹ نے کسٹمر ریلیشنز ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر گیس چوری کے خلاف کریک ڈاؤن میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، کمپنی کی جانب سے گیس چوری کی پاداش میں پولیس نے کراچی سے مٹھائی کی دکان اور اسپیئر پارٹس سروس اسٹیشن کے مالکان کی گر فتاریاں بھی کیں۔
حالیہ آپریشنز کے دوران کمپنی کی چوری کنٹرول ٹیموں نے مختلف علاقوں سے تقریباً 3,029 غیر قانونی گھریلو کنکشن منقطع کیے۔ کراچی میں گلشن اقبال، ناظم آباد، لیاری، ملیر، بلدیہ ٹاؤن، اور دیگر علاقوں میں 2609 سے زائد غیر قانونی زیر زمین اور اوور ہیڈ گیس کنکشن بھی ختم کر دیے۔
اس کے ساتھ ساتھ سوئی سدرن گیس کمپنی کی چوری کنٹرول ٹیموں نے نواب شاہ اور لاڑکانہ میں بھی 20 غیر قانونی گھریلو گیس کنکشن منقطع کیے۔ مستقبل میں چوری کی وارداتیں روکنے کے لیے سروس لائنز اور گیس چوری میں استعمال ہونے والے آلات بھی منظم طور پرمنقطع کئے گئے۔
خیال رہے کہ گیس چوری قانونی اور ریگولیٹری نظام کی ساکھ کو متاثر کرتی ہے جس سے قوانین اور قواعد و ضوابط کا نفاذ مشکل ہو جاتا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی کوششوں کا مقصد گیس چوری کی شرح کو کم کرنا،معاشی مفادات کی حفاظت کرنا اور توانائی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔