وفاقی وزیر داخلہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لیے لائحہ عمل کی منظوری دے دی۔ محسن نقوی کہتے ہیں ایس سی او سربراہی اجلاس کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل اور پاکستان کے لیے اعزاز کا باعث ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے وزیر داخلہ کی زیر صدارت اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد شریک ہوئے۔ ایف سی، پاکستان رینجرز اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ایس سی او سربراہی اجلاس کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے سمٹ پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے لائحہ عمل کی منظوری دے دی۔ اُن کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد پوری قوم کے لیے باعث اعزاز ہے۔ اجلاس میں کئی سربراہان مملکت شرکت کررہے ہیں۔ کانفرنس کے لئے ہرسطح پر فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سمٹ کے موقع پر فوج، رینجرز، ایف سی اور پنجاب پولیس کی اضافی نفری تعینات ہوگی۔ اسلام آباد کو خوبصورت بنائیں گے اور صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔