بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے دوران وکیل صفائی کی عدم حاضری پر فاضل جج برہم ہو گئے۔
منگل کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل علالت کے باعث عدالت پیش نہ ہوئے۔
وکیل صفائی کی عدم حاضری پر جج ناصر جاوید برہم ہوئے اور کہا کل آخری موقع ہے ہر صورت گواہ پر جرح کی جائے۔
عدم حاضری پر جج نے معاون وکیل سے کہا آپ کی درخواست پر ہائیکورٹ کی ڈائریکشن موجود ہے اور عدالت نے فیصلہ سنانے سے روک رکھا ہے ٹرائل سے نہیں روکا گیا ۔
اس موقع پر نیب پراسیکیوشن ٹیم نے اعتراض اٹھایا ریفرنس میں بارہ وکلا کے وکالت نامے موجود ہیں جن میں سے علی ظفر اور انتظار پنجوتھہ عدالت میں موجود ہیں یہ جرح کرلیں۔
تاہم، جج ناصر جاوید رانا نے ملزمان کے وکیل کو جرح کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت بدھ ( کل ) تک ملتوی کردی۔