لاہور میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف دہشتگردی کامقدمہ درج کرلیا گیا۔
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے خلاف ایس ایچ او ہڈیارہ حماس حمید کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ ایف آئی آر کے مطابق علی امین گنڈاپور نے رائفل سے سیالکوٹ انٹرچینج پر گاڑیوں پر حملہ کیا اور وزیراعلیٰ کے پی 300 افراد کے ہمراہ ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آئے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مسلح جتھے نے شہریوں کی گاڑیوں کو توڑنا شروع کردیا اور علی امین گنڈاپور کے علاوہ شاہد خٹک توڑپھوڑ کے لیے اکساتے رہے۔
بلوائیوں نے ٹول پلازہ کے کیبن، بیریرز اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی توڑ دیئے جبکہ حملے کے دوران متعدد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
ہڈیارہ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق علی امین گنڈاپور اور شاہد خٹک جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔