پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی 41 نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اجلاس آج بھی بے نتیجہ ختم ہو گیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس چار گھنٹے تک جاری رہا تاہم آج بھی کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن نے قانونی ماہرین سے مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا کل دوبارہ اجلاس ہوگا ۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران، حکام اور قانونی ٹیم شریک ہوئی اور مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے غور کیا گیا جبکہ الیکشن کمیشن کو قانونی ٹیم کی رائے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
سپریم کورٹ نے آزاد ارکان کو پی ٹی آئی میں شمولیت اور مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کا حکم دیا تھا۔
گزشتہ اجلاسوں میں بھی الیکشن کمیشن کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا تھا۔