ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں قبائل کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں تین روز کے دوران 12 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ متعدد زخمی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کرم کے مختلف علاقوں میں قبائل کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے اور پولیس انتظامیہ کے ساتھ مل کر حالات کو قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق گاؤں بوشہرہ اور گاؤں احمد زئی میں لڑائی مورچوں کی تعمیر پر ہوئی۔ جو گاؤں بالش خیل، خار کلی، صدہ ، پیواڑ، تری منگل، بغکی، مقبل اور کنج علیزئی تک پھیل گئی۔
دونوں فریقین کی جانب سے دوسرے پر راکٹ، میزائل، سمیت بھاری اسلحے سے فائرنگ کی جارہی ہے۔ جھڑپوں کی وجہ سے پاراچنار شاہراہ ہر قسم کی آمد و رفت کیلئے بند ہے۔ تاہم جنگ بندی میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس مکمل طورپر ناکام ہوگئی ہے۔
واضح رہے ضلع کرم میں دو ماہ قبل بھی قبائل کے درمیان مسلح تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 40 سے زیادہ افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔