وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ 30 سال سے حل طلب مسائل پر فوکس ہے۔ این اے 117 کے عوام کے وعدے ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے نجکاری اورمواصلات عبدالعلیم خان سے حلقے کی سماجی اور سیاسی شخصیات، سابق کونسلرز، بلدیاتی نمائندوں اور مقامی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے حلقہ این اے 117 میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لئے خصوصی پیکج اور کاموں کے آغاز کا اعلان کیا۔ حلقے کی ترقیاتی اسکیموں میں واٹر سپلائی، سیوریج، روڈ کارپیٹنگ، لنک روڈز اور سروس روڈ کی تعمیر شامل ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ این اے 117 میں 21 نئے ٹیوب ویل، ایک ڈسپوزل سٹیشن شامل ہے جبکہ واٹر سپلائی کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے پیکج میں 30 کروڑ روپے کی لاگت سے 4 رابطہ سڑکیں اور ایک نیا یو ٹرن بنے گا، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سیوریج کے بغیر سڑک بنانا سرکاری فنڈز کا ضیاع ہے، ادارے ضروری پروٹوکول مدنظر رکھیں۔