بلوچستان کے ضلع خاران میں سیشن کورٹ کے قریب دستی بم حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق خاران میں سیشن کورٹ کے قریب دستی بم حملہ ہوا ہے، دھماکے سے 2 موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا، دھماکے سے 6 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
قبل ازیں بلوچستان کے ضلع ژوب میں قومی شاہراہ پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی مزید دو پولیس اہلکار دم توڑ گئے، شہید اہلکاروں کی تعداد تین ہو گئی۔ ژوب ڈی آئی خان قومی شاہراہِ پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے تینوں پولیس اہلکاروں کا تعلق اینٹی ٹیرراسٹ فورس سے تھا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے ژوب میں قومی شاہراہ پر اے ٹی ایف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی اور شہید ہونے والے3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دوران ڈیوٹی شہادت کا اعلیٰ رتبہ پانے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء کی لازوال قربانیاں ہمارا فخر ہیں، شہید اہلکاروں کےخاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، غم کی گھڑی میں سوگوارخاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔