حزب اللہ نے لبنان میں پیجر حملوں میں 10 ارکان کی شہادت کی تصدیق کردی جبکہ ہزاروں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ پیجر حملوں میں ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی کی ایک آنکھ بھی ضائع ہوگئی۔ ترجمان حزب اللہ کا کہنا ہے کہ حملے میں حسن نصر اللہ محفوظ رہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے لبنان پر سائبر حملے میں ہزاروں پیجر ڈیوائسز ایک ساتھ دھماکے سے پھٹ گئیں۔ حزب اللہ نے 10 ارکان کی شہادت کی تصدیق کردی۔ ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی کی ایک آنکھ بھی ضائع ہوگئی۔ حزب اللہ نے سائبر حملوں کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے کہا انہیں سزا ضرور ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق ڈھائی ہزار سے زائد پیجرز ایک ساتھ پھٹ گئے، بیروت دھماکوں سے گونج اٹھا۔ جہاں جہاں پیجر ڈیوائسز موجود تھیں ۔ وقفے وقفے سے دھماکے ہوتے رہے اور ہزاروں لوگ زخمی ہوئے۔ 200 کی حالت تشویشناک ہے۔
امریکا نے لبنان میں پیجردھماکوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی آپریشن میں شہری حملوں کا نشانہ نہیں ہونے چاہئیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملرنے کہا کہ دھماکوں کے پیچھے کون ہوسکتا ہے اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ لبنان اسرائیل کشیدگی کم کرنے میں سفارتکاری بہترین طریقہ ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان نے شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہارکیا۔ برطانیہ، یورپی یونین، ایران نے بھی حملوں کی مذمت کی۔ حماس کا کہنا ہے اسرائیلی جارحیت اس کی شکست اور تباہی پر ختم ہوگی۔
واضح رہے کہ پیجر ایک چھوٹی سی وائرلیس میسجنگ ڈیوائس ہوتی ہے جس پر ٹیکسٹ اور آڈیو میسجز بھیجے اور وصول کیے جا سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حزب اللہ کے کارکن اور رضاکار پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے کے لیے پیجنگ ڈیوائسز استعمال کرتے ہیں۔