کراچی سمیت سندھ بھر میں اب گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کرنے کا عمل بائیو میٹرک تصدیق سے کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر ایکسائز شرجیل میمن نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یکم جولائی سے پہلے مرحلے میں نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل بائیو میٹرک تصدیق سے شروع ہوچکا ہے ۔ دوسرے مرحلے میں یکم نومبر سے گاڑیاں خریدنے والوں کی بائیو میٹرک تصدیق ہوگی، تیسرے مرحلے میں گاڑی خریدنے والے اور فروخت کرنے والے دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ حکمہ ایکسائز میں تمام عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور یہ صرف شروعات ہے۔ بائیو میٹرک تصدیق شفافیت کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بائیو میٹرک تصدیق سے گاڑیوں کی غیر قانونی منتقلی اور شہریوں کو دھوکہ دہی سے بچانے میں مدد ملے گی۔ شہری بائیو میٹرک کے لیئے نادرا ای سہولت مراکز یا کسی بھی ضلعی ایکسائز دفتر سے رجوع کر سکتے ہیں۔