سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ سربراہ جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) مولانا فضل الرحمان ہمارے بڑے ہیں اور ہم ان سے ہی سیکھتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے صادق سنجرانی اور بلوچستان نیشنل پارٹی ( بی این پی ) کے وفد کی ملاقات ختم ہوگئی ہے جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ آئینی پیکج کے حوالے سے حکومت اور قوم کو اچھی خبر ملے گی۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئینی ترمیمی بل کے بڑے نکات سے آگاہ کردیا ہے، بل کی منظوری کل تک جانے کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی میں ہوگا ۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ اختر مینگل کو منانے میں کامیاب ہو جائیں گے؟ جس پر صادق سنجرانی نے جواب دیا کہ اس بارے میں کچھ کہنا ابھی قبل ازوقت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے چاہا تو حکومت اور عوام کے لئے اچھی خبر آئے گی۔
سماء کی جانب سے پوچھا گیا کہ کیا آج آئینی ترمیم پیش ہوسکتی ہے؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا بھی قبل از وقت ہے۔