وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے طے تمام اہداف پورے کرلیے ہیں۔
اتوار کو پارلیمنٹ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے طے تمام اہداف پورے کرلئے ہیں اور ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کے بعد دیگر مالیاتی اداروں سے فنڈز ملنے میں اضافہ ہوگا۔
لازمی پڑھیں ۔پاکستان کے قرض پروگرام کی توثیق کیلئے آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ 25 ستمبر کو ہوگی
وزیر خزانہ نے بتایا کہ سعودی عرب سے مؤخر ادائیگیوں پر ادھار تیل کی سہولت جلد فائنل ہو جائے گی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ کیلئے کمرشل بینک سمیت ذرائع سے مدد لی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے اپنے طریقہ کار کے مطابق معاہدے کی منظوری دینا ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے قرض پروگرام کی توثیق کے لئے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی بورڈ میٹنگ 25 ستمبر کو ہوگی جس کی تصدیق ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولیا کوزیک کی جانب سے کی گئی تھی۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 12 جولائی کو ہوا تھا جس کے تحت آئی ایم ایف 37 ماہ پر محیط پروگرام کے تحت پاکستان کو 7 ارب ڈالر دے گا۔