وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس آئینی ترمیم کیلئے مطلوبہ تعداد پوری ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کا آئینی ترمیم پر زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا آئینی ترمیم پر زیادہ فرق نہیں پڑے گا، اس فیصلے کے ذریعے تھوڑا اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی ہے، حکومت کے پاس آئینی ترمیم کیلئے مطلوبہ تعداد پوری ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو توسیع دینے کی بات درست نہیں، جو بھی ہو رہا ہے اجتماعی افادیت کیلئے ہو رہا ہے، ہماری نیت ٹھیک نہ سہی کام تو ٹھیک کر رہے ہیں، امید ہے مولانافضل الرحمن ووٹ دیں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کو ہی نہیں مولانا ہمیشہ ہی اچھا کھانا کھلاتے ہیں، کم از کم بیرسٹر گوہر کو اچھا کھانا تو ملا ہے نا، امید ہے آج آئینی ترمیم ہو جائے گی، آج کچھ نہ کچھ رکاوٹیں دور ہو جائیں گی، ایوان کا ماحول آج اچھا رہنے کی توقع نہیں۔ پی ٹی آئی کے سیاسی ڈی این اے میں مصلحت نہیں ہے۔
دوسری جانب خصوصی پارلیمانی کمیٹی ارکان کی بلاول بھٹو سے ملاقات ختم ہوگئی، ملاقات میں آج اسمبلی اجلاس کے قوائد و ضوابط پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس کے بعد صحافی کے سوال پر اسحاق ڈار نے کہا کہ ملاقات اچھی رہی، نمبر پورے ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔ اپنے چیمبر میں مختلف ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔