حکومت نے پارلیمانی امور پر وسیع تر مشاورت کےلیے خصوصی کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا جبکہ قومی اسمبلی اور وفاقی کابینہ کے اجلاس ری شیڈول کر دیئے گئے۔
پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کو پارلیمانی امور بھی سونپ دیئے گئے، خورشید شاہ کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس دوپہر دو بجے ہوگا۔ اجلاس میں آئینی ترمیم اور عدالتی اصلاحات سے متعلق تجاویز پر غور ہوگا ۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
خصوی پارلیمانی کمیٹی کی سفارش پر قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت بھی تبدیل کر دیا گیا۔ کمیٹی چیئرمین نے اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ چند اہم امور پر فیصلوں کے لئے وقت درکار ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کے وقت کی تبدیلی کا نوٹس جاری کر دیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اب شام چار بجے ہوگا۔
وفاقی کابینہ اجلاس کا وقت بھی تبدیل کیا گیا ہے ۔ وفاقی وزرا کی بیٹھک اب سہ پہر تین بجے لگے گی۔ اجلاس میں آئینی ترمیم کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی جائے گی۔