پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا وفد جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوگیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے مجوزہ آئینی ترمیم روکنے کا مشن اور اس سلسلے میں مولانا فضل الرحمان کو منانے کے جتن جاری ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں وفد جے یو آئی سربراہ سے ملنے پہنچا ۔
پی ٹی آئی وفد میں بیرسٹر گوہر،اسد قیصر،عمر ایوب ،شبلی فراز،صاحبزادہ حامد رضا شامل تھے ۔
وفد پہلے ملنے پہنچا تو حکومتی وفد سربراہ جے یو آئی کی رہائشگاہ میں موجود تھا جس کے باعث پی ٹی آئی رہنما لوٹ گئے اور پھر رات گئے دوبارہ پہنچے جہاں مولانا فضل الرحمان نے وفد کا استقبال کیا ۔
ملاقات میں ترجمان جے یوآئی اسلم غوری، قانونی ٹیم کے سینیٹر کامران مرتضیٰ اور حافظ احسان کھوکھر بھی شریک ہوئے۔
واپسی پر پی ٹی آئی وفد نے میڈیا کو ملاقات کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے صرف اتنا کہا ملاقات اچھی رہی، مولانا فضل الرحمان نے اچھا کھانا کھلایا اور ہم اب کہہ سکتے ہیں کہ حکومت کے پاس نمبر پورے نہیں ہو رہے ۔