کرنسی نوٹ سے موہن جو دڑو کی تصویر ہٹانے پر سندھ حکومت کا تحفظات کا اظہار کردیا۔
کرنسی نوٹ سے موہن جو دڑو کی تصویر ہٹانے کے معاملے پر صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت نے گورنر اسٹیٹ بینک کو خط لکھ دیا۔ ذوالفقارعلی شاہ نے گورنر اسٹیٹ بینک سے معاملے پر غور کرنے کا مطالبہ کردیا۔
موقف اختیار کیا موہن جو دڑو کی اہمیت اور قدیمی ورثے کو صحیح طور پر تسلیم کیا جائے ۔ موہن جو دڑو کا ہمارے کرنسی نوٹ پر ہونا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ امید ہے آپ اس معاملے پرغورکریں گے۔
قبل ازیں دو روز قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز سے متعلق اہم وضاحت جاری کر دی ہے۔ اعلامیے کے مطابق مقابلے کا مقصد فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا، کامیاب قرار پائے فن پارے نئے بینک نوٹ سیریز کے حتمی ڈیزائن نہیں ہیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کمپنیاں نئے بینک نوٹوں کے ڈیزائن رواں سال دسمبر تک پیش کریں گی جنہیں اسٹیٹ بینک بورڈ کی منظوری کے بعد آئندہ سال جنوری تک حکومت کی حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے کروائے گئے مقابلے کے نتائج جاری کیے تھے۔