پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر رہنماؤں کی گرفتاری کیخلاف اعلان کردہ احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرام راجہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے کل کا احتجاج موخر کردیا تاہم 21 ستمبر کو لاہور جلسہ ہر صورت ہوگا۔ ملک کوکھائی میں گرنے سے بچاناہے،عوام کو نکلنا ہوگا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی فلاحی اور جمہوری ملک بنانا ہے، حکمران اقتدار پر جعلی طریقے سے قابض ہیں، بانی پی ٹی آئی کوجعلی مقدمےمیں سزادی گئی، ہمارے ارکان پارلیمنٹ کو ڈرایا دھمکایا جارہاہے۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے زیر حراست ارکان کی پروڈکشن آرڈر پر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایک بار پھر نو ستمبر کے واقعے کی مکمل انکوائری کی یقین دہانی کرا دی۔ دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ نے انسداد دہشتگری عدالت کا گرفتار ایم این ایز کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کر دیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے پی ٹی آئی کے گرفتار 10 ارکان کو پروڈکشن آرڈرز پر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچایا گیا۔ شیر افضل مروت، شیخ وقاص اکرم، زین قریشی، اویس جکھڑ، عامر ڈوگر ، یوسف خان اور احمد چھٹہ ، زبیر خان، شاہ احد خٹک اور نسیم علی شاہ کو بھی قائمقام سارجنٹ ایٹ آرمز فرحت عباس کے حوالے کیا گیا۔