تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے افغانستان سے براہ راست بات چیت کے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان کی حمایت کردی۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وزیردفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ خواجہ آصف نے جو کچھ یہاں کہاں وہ حقائق کے منافی ہے، وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ وہ خود افغانستان سے بات کریں گے، وزیراعلیٰ کی بات بالکل درست ہے، یہ ہمارا ہی فیصلہ ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ وفاقی حکومت اور سیاسی اکابرین کے ساتھ مل کر گرینڈ جرگہ بنانا چاہتے ہیں، جب بم ہم پر گرتے ہیں تو ہمیں ہی مل کر اس کا تدارک کرنا ہے، ان بنیادوں پر اگر آپ صوبے کو نشانہ بنائیں گے تو وہ غلط ہے، یہ ملک ہمارا ہے، ہم نے مل کر اس کی حفاظت کرنی ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ میں نے اپنے دور میں خواجہ آصف کا پروڈکشن آرڈر جاری کئے، شہباز شریف کے کئی دفعہ پروڈکشن آرڈر جاری کئے تھے، سعد رفیق تو میرے پاس آئے اور پروڈکشن آرڈر پر شکریہ ادا کیا، میں نے تو قائمہ کمیٹیوں میں بھی سعد رفیق کو شامل کیا تھا، میں نے کسی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار نہیں کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پشاور بار کونسل ایسوسی ایشنز کی تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ میرے لوگ شہید ہورہے ہیں ۔ آپ اپنی پالیسی اپنے پاس رکھیں ۔ میں خود افغانستان سے بات کروں گا۔ میں چاپلوسی نہیں کرسکتا ۔ کسی کا نوکر یاغلام نہیں ۔ ادارے اپنی اصلاح کرلیں اسی میں سب کی بہتری ہے۔