احتساب عدالت نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست بریت مسترد کر دی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانہ نے اڈیالہ جیل میں ریفرنس کی سماعت کی۔ عدالت نے وکلاء صفائی کو کل نیب تفتیشی افیسر پر جرح کرنے کا حکم دے دیا۔ بشریٰ بی بی کی درخواست بریت پر فیصلہ ریفرنس کے فیصلے پر سنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں دائر بریت کی درخواست دائر کررکھی تھی۔ بانی پی ٹی آئی نیب ترامیم سے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ریلیف کے خواہشمند تھے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ نیب کی حالیہ ترامیم عدالت نے درست قرار دے دی ہیں جس کے تحت کابینہ کے تمام فیصلوں کو استثنیٰ مل گیا ہے لہٰذا درخواست گزار کو اس ریفرنس سے بری کیا جائے۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نیب ترامیم کے مطابق سیکشن 4 کے تحت کابینہ کے فیصلوں کو استثنیٰ حاصل ہے اور نیب ترامیم کے تحت درخواست گزار کے لئے سزا کا کوئی امکان نہیں اس لئے ریفرنس کی کارروائی ایک دن بھی جاری رکھنا قانونی عمل کا غلط استعمال ہوگا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار اور اس کی اہلیہ نے القادر ٹرسٹ سے کوئی مالی فوائد نہیں لیے اور استغاثہ کے گواہوں نے بھی بتایا کہ ہمارا مالی معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں جبکہ استغاثہ تاحال الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ نیب ترامیم سے متعلق حالیہ فیصلے کے بعد 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس بنتاہی نہیں، عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آنے کے بعد درخواست گزار بری ہونے کا حق دار ہے لہٰذا بریت کی درخواست منظور کی جائے۔