خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ لاہور میں پولیو ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
بنوں کی تحصیل ڈومیل میں مہاجر کیمپ کے قریب نامعلوم افراد نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے سیکیورٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔ شہید کانسٹیبل کی شناخت نور عالم کے نام سے ہوئی۔ واقعے کے خلاف پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی چھوڑ کر مولانا عبدالستار چوک پردھرنا دے دیا۔
ڈی پی او بنوں نے دھرنے میں پہنچ کر اہلکاروں سے احتجاج ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اہلکاروں نے احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا۔ احتجاج کرنے والے پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے داتا گنج بخش ٹاؤن کے علاقہ بند روڈ یو سی 69 میں پولیو ٹیم پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیو ورکرز کو لڑکی نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیو قطرے نہ پلانے پر لڑکی نے پہلے جھگڑا کیا پھر تشدد پراترآئی، اطلاع ملنے کے باوجود پولیس تاخیر سے موقع پر پہنچی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیو ٹیم پر تشددکی خبر کا نوٹس لے کر وزیراعلیٰ مریم نواز نے داتا گنج بخش ٹاون کی یو سی 69 میں پولیو ٹیم پر تشدد کی رپورٹ طلب کرلی۔ پولیو ورکرز بچوں کو معذوری سے بچانے کا قومی فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔