اسلام آباد ، لاہور اور ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر آگئے تاہم زلزلے سے ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلے کے جھٹکے فیصل آباد، گوجرانوالہ، جھنگ، چنیوٹ، ڈجکوٹ، حافظ آباد، پیرمحل، صفدرآباد، سانگلہ ہل، سرگودھا اور اوکاڑہ، چکوال میں محسوس کیے گئے۔ مالاکنڈ، ڈی آئی خان، شمالی وزیرستان،لکی مروت اور کرم میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر زیر زمین تھی،زلزلہ کا مرکز ڈی جی خان کے قریب شادی والا کا علاقہ تھا۔
ہیلپ لائن نمبر جاری
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے، زلزلہ کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا، پی ڈی ایم اے کے پراونشل کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز الرٹ ہیں۔ زلزلہ سے نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے۔