بلوچستان بورڈ آف انٹرمینڈیٹ سکینڈری ایجوکیشن نے ایف اے اور ایف ایس سی کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا ، لڑکوں نے پہلی دو پوزیشن حاصل کر کے میدان مار لیا ۔
کوئٹہ میں کنٹرولر امتحانات بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن عابدہ کاکڑ نے نتائج کا اعلان کیا، اس موقع پر چیئرمین بلوچستان بورڈ پروفیسر اعجاز احمد اور دیگر بورڈ حکام بھی موجود تھے۔
نتائج کے مطابق بلوچستان بورڈ کے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں 99 ہزار 887 طلبا و طالبات نے حصہ لیا اور کامیابی کا تناسب 93 فیصد سے زائد رہا۔
انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں لڑکوں نے پہلی دو پوزیشن حاصل کر کے میدان مار لیا ، بلوچستان ریزیڈینشل کالج لورلائی کے طالب علم شمریز خان اور شریف خان نے 1051 نمبر لیکر مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بلوچستان ریزیڈینشل ژوب کالج کے محمد زاہد ، بلوچستان ریزیڈینشل کالج لورلائی کے سجاد حسین نے1050 نمبر لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
گورنمنٹ انٹرکالج بسیمہ کی طالبہ سلمہ محبوب نے 1049 نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
چیئرمین بورڈ اعجاز احمد بلوچ ، کنٹرولر امتحانات عابدہ کاکڑ اور سیکرٹری بورڈ محمدعظیم نے کامیاب ہونے والے طلباء کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان نوجوانوں سے قوم کی بڑی توقعات وابستہ ہیں ، طلباء و طالبات مزید محنت کرکے ملک وقوم اور خاص کر بلوچستان کانام روشن کریں گے ۔