ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز ( ایمنڈ ) کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور صحافیوں سے متعلق نازیبا الفاظ پر معافی مانگیں۔
ایمنڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے صحافیوں کو دی گئی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں صحافی انتہائی نامساعد حالات میں اپنے فرائض ادا کررہے ہیں، صحافیوں کے خلاف اس قسم کی زبان استعمال کرنے پر تحریک انصاف کو علی امین سے باز پرس کرنی چاہیے اور علی امین کو ان نامناسب الفاظ کی ادائیگی پر صحافی برادری سے معافی مانگنی چاہیے۔
ایمنڈ نے صحافیوں کو ہراساں کرنے اور فرائض کی ادائیگی سے روکنے کے واقعات کی مذمت بھی کی اور کہا کہ سیاسی قیادت کے غیر ذمے دارانہ بیانات کارکنان کو اشتعال دلانے کا سبب بنتے ہیں اور ایسے بیانات سے میڈیا ورکرز کی جان و مال کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔
ایمنڈ نے پاکستان میں صحافیوں کو درپیش خطرات اور اظہار رائے پر پابندیوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو غیر اعلانیہ سینسر شپ، سیاسی جلسوں اور سرگرمیوں کی کوریج پر غیر قانونی پابندیوں اور دباؤ کاسامنا ہے جس سے عوام کا حق معلومات بری طرح متاثر ہورہا ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے مزید کہا گیا کہ آزاد میڈیا ہی سے جمہوری معاشرہ پروان چڑھ سکتا ہے اور یہی ریاست، سیاست اور عوام کے مفاد میں ہے۔