تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن کا بھارتی تجزیہ نگار راہول رائے کے ساتھ رابطوں کے انکشافات ہوا ہے۔ بھارتی راہول رائے نے رؤف حسن سے پاک فوج مخالف معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔
رؤف حسن کی را اسپانسرڈ بھارتی راہول رائے کے ساتھ گفتگو منظر عام پر آگئی، راہول رائے نے روف حسن سے کشمیر کے حوالے سے ایک مضمون کی تصدیق کے لیے رابطہ قائم کیا تھا۔
جواب میں رؤف حسن نے اداروں پر الزام دھرتے ہوئے بھارتی تجزیہ نگار سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، لکھا کہ جزوی طور پر درست ہے، باجوہ مفاہمت کی خواہش مند تھے ہم کل اس پر تفصیل سے بات کر سکتے ہیں۔
راہول رائے نے جواب میں لکھا کہ منگل کو پھر 3.30 تک ملتے ہیں کل میری ایک اور میٹنگ ہے جو 11.30 بجے شروع ہوگی، رؤف مجھے آپ کے بارے میں فکر ہورہی ہے، امید ہے کہ آپ کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
راہول رائے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ فوج ممکنہ طور پراس موقع کو زیادہ موثر کنٹرول حاصل کرنے کے طور پر استعمال کر رہی ہے، راہول رائے چودھری اپنی چال میں کامیاب رہا اور جواب میں رؤف حسن نے کھل کر پاک فوج کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ میں کم از کم اس وقت ٹھیک ہوں لیکن ملک تیزی سے افراتفری اور تباہی کی طرف جا رہا ہے۔ لوگ پولیس کے بجائے اب فوج کے سامنا کھڑے ہیں کیونکہ احتجاج بلاروک ٹوک جاری ہے۔
پیغام میں روف حسن نے اپنے اگلے لائحہ عمل کا واضح اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ میں لندن کے دورے کا منصوبہ بنا رہا ہوں، اگر ایئرپورٹ پر نہ روکا گیا۔ میں آپ کو اپ ڈیٹ کرتا رہوں گا۔
رؤف حسن ایک اور طویل پیغام میں راہول رائے چودھری کو پاکستان کی منفی منظر کشی کرتے ہوئے جبر اور ظلم سے چلائے جانے والا ملک قرار دیتے ہوئے کہتا ہے کہ ہیلو راہول مجھے امید ہے کہ آپ اور فیملی سب خیریت سے ہوں گے۔ میں بھی حالات میں بہت کم بہتری کے ساتھ ان پریشان کن ہفتوں اور مہینوں میں زندہ رہنے میں کامیاب ہو گیا ہوں۔
ان واٹس ایپ پیغامات سے یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ رؤف حسن نے حیران کن طور پر راہول رائے چودھری کے کہنے پر اپنا پاسپورٹ بھی اس کے ساتھ شیئر کیا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ رؤف حسن کا بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تعلق ہے جو اسے اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کیلئے سپانسرکرتی ہیں۔ یہاں یہ واضح دکھائی دے رہا ہے کہ کیسے بھارتی خفیہ ادارے اور ہندوستانی میڈیا بانی پی ٹی آئی کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی سہولت کاری فراہم کررہے ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق حساس معلومات کو پہنچانے کا مقصد ریاست مخالف بیانیے کو بھارتی میڈیا میں پروپگینڈے کے طور پر استعمال کرنا تھا، راہول رائے پاکستان مخالف جانا پہچانا نام ہے جو بھارتی خفیہ ایجنسی را کی پے رول پر ہے اور کور کے طور پر ایک تھنک ٹینک آئی آئی ایس ایس سے منسلک ہے۔