یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے 800 سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں 10 فیصد تک کمی کر دی ،نئی قیمتوں کو فوری طور پر نافذالعمل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے بیان کے مطابق مختلف برانڈز کے گھی، کوکنگ آئل، چائے، سرف، نوڈلز، کیچ اپ، ٹیٹراپیک دودھ، خشک دودھ، مصالحے، اچار، صابن، ٹوتھ پیسٹ اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں 8 روپے سے 200 روپے تک کی شاندار کمی کی گئی ہے جسے فوری طور پر نافذالعمل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سبسڈی فی الحال بند ہے جو بہت جلد نئے طریقہ کار کے تحت بحال ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ نے بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے نئی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ، ادارہ صارفین کا اعتماد بحال رکھنے کے لئے کوشاں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے، معیاری اور بارعایت اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، صارفین بلا کسی دقت، دشواری اور شرائط کے یوٹیلیٹی سٹورز سے خریداری کر سکتے ہیں۔