بینک آف آزاد جموں و کشمیرکی گھریلوترسیلات یا ہوم ریمی ٹینسز بڑھ کر4.3ارب روپے ہو گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دنیا بھر سے ترسیلات کی فوری وصولی اور ادائیگی کے لئے مزید 3کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کے بعد بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے ترسیلات میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ روز بینک کے بزنس کو فروغ دینے سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس میں صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر خاور سعید نے کہا کہ بینک نے دنیا بھر سے رقومات کی فوری اور بروقت وصولی و ادائیگی کے لئے ویسٹرن یونین کے بعد مزید دو معتبرکمپنیوں انسٹنٹ کیش اور انٹرنیشنل منی ایکسچینج کے ساتھ معاہدہ کیا۔اس سے قبل ریااور منی گرام کے ساتھ معاہدے کئے گئے جب کہ بینک کی برانچوں میں خصوصی ڈیسک قائم کئے گئے۔
بینک ترجمان نے تفصیلات میں بتایا کہ سال 2019میں ادارے کی ترسیلات صرف80کروڑ روپے تھیں جو 31دسمبر2022کوتاریخی اضافے کے ساتھ4.60ارب روپے اور رواں سال کے9ماہ میں4.293ارب روپے ہو گئے۔ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ دسمبر2023میں ترسیلات بڑھ کر6ارب روپے تک پہنچ جائیں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ بینک ترسیلات زر سمیت تمام کاروباری اہداف حاصل کر رہا ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ ریاست کا مالیاتی ادارہ صدر ، سی ای اوخاور سعید کی زیرنگرانی ، عملے کی انتھک محنت،صارفین کے تعاون سے بزنس اہداف عبور کر رہا ہے۔