ملک بھر میں بجلی سستی کرنے کےلیے درآمدی ایل این جی پر ٹیکسز کم کرنے پر غور شروع کردیا گیا۔ بجلی بھی سستی بنے گی اور ٹیرف کے فرق پر صوبوں کا اعتراض بھی دور ہوگا۔
ذرائع کے مطابق درآمدی ایل این جی پر بھاری ٹیکس اور پورٹ چارجز وصولی کا انکشاف ہوا ہے، فی ایم ایم بی ٹی یو درآمدی ایل این جی پر 4 ڈالر کے چارجز اور ٹیکسز ہیں، 11 ڈالرکی درآمدی ایل این جی پاکستان میں 15ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو پڑتی ہے۔
وزارت پٹرولیم نے چارجز و ٹیکس میں کمی کے لئے ابتدائی ورکنگ شروع کردی، وزارت نے پورٹ چارجز کم کرانے کیلئے وزارت جہاز رانی و بندرگاہ سے رابطہ کیا۔ پورٹ چارجز کم ہونے سے ایل این جی کی قیمتوں میں واضع کمی آسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی بندرگاہوں پر ایل این جی کے پورٹ چارجز خطے میں سب سے زیادہ ہیں، وزارت پیٹرولیم گیس کی یکساں قمیت کیلئے بھی پورٹ چارجز کم کرانا چاہتی ہے، پورٹ چارجز کم ہونے سے درآمدی ایل این جی کی قمیت 2800روپے ہوجائے گی، اس وقت درآمدی گیس 3600روپے جبکہ مقامی گیس 1200روپے میں پڑ رہی ہے، گیس کی یکساں قیمت کے فارمولے سے ایوریج قیمت 1800روپے ہوجائے گی۔