اسلام آباد کی مقامی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو ملزم کو کل گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت سول جج شائستہ خان کنڈی نے کی، عدالت نے علی امین گنڈاپور کی طبی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست مسترد کرکے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل نے آج علی امین گنڈاپور کی عدالت پیشی کی یقین دہانی کرائی تھی، علی امین آج بھی پیش نہ ہوئے،حاضری سے استثنٰی کی درخواست بھیج دی، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ میڈیکل سرٹیفیکیٹ بھی لگایا گیا، ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ علی امین گنڈاپور کئی سماعتوں پر نہیں آئے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ متعدد مواقع دینے کے باوجود علی امین 342 کابیان ریکارڈ نہیں کروارہے، علی امین گنڈا پور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جاتی ہے، علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں، ایس ایچ او تھانہ بارہ کہو ملزم کو گرفتار کر کے 5 ستمبر کو عدالت میں لائیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2016 میں، اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے بنی گالہ کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کی گاڑی سے 5 کلاشنکوف اسالٹ رائفلز، ایک پستول، چھ میگزین، ایک بلٹ پروف جیکٹ، شراب اور آنسو گیس کے تین گولے برآمد کیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے پولیس کے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دو لائسنس یافتہ کلاشنکوف رائفلوں کے ساتھ سفر کر رہے تھے، اور گاڑی میں اسلحہ کا لائسنس موجود تھا۔
قبل ازیں انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت بغیر کارروائی 10 ستمبر تک ملتوی کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج جج طاہر عباس سپرا نے دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج مقدمہ میں علی امین گنڈا پور کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی۔
علی امین گنڈاپور کی جانب سے راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے اور وزیر اعلیٰ کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انکی کی طبعیت ناساز ہے اس لیے عدالت پیش نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹانگ میں تکلیف ہے، ڈاکٹر نے ایک ہفتہ آرام کا مشورہ دیا ہے۔ بعدازاں عدالت نے وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 ستمبر تک کے لئے ملتوی کردی۔