پاکستان میں رقم کی ادائیگی کے بڑے پلیٹ فارم ون لنک کی مختلف بینکوں سے کنیکٹیویٹی میں خلل کے باعث صارفین کو اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
صارفین نے شکایت کی ہے کہ اے ٹی ایم سے رقم نکالنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں اور رقم کی آن لائن ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے۔ دوسری جانب حکام ون لنک کا کہنا ہے کہ کچھ بینکوں سےکنکٹیوٹی متاثر ہے، مسئلہ حل کر رہے ہیں۔
دوسری جانب 25 اگست کو یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ حکومت اور ایل ڈی آئی آپریٹرز کے درمیان لائسنسز کی تجدید اور واجبات کا تنازعہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔ پی ٹی اے نے ملک میں ٹیلی کام سروسز متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
حکومت اور ایل ڈی آئی آپریٹرز کے درمیان لائسنسوں کی تجدید اور واجبات کا تنازعہ سنگین صورت اختیار کر گیا ۔ ملک میں ٹیلی کام سروسز متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے وزارت آئی ٹی کو تحریری طور پر خبردار کر دیا تھا۔