نو مئی کے واقعات کے بعد سے تحریک انصاف کو چھوڑنے والوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب پی ٹی آئی میانوالی کے ضلعی صدرنے پارٹی کوخیر آباد کہہ دیا ہے۔
پی ٹی آئی ضلعی صدر سلیم گل خان نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کے واقعات کی سختی سے مذمت کرتا ہوں ۔
مزید انکا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو نااہل مشیر لے ڈوبے پی ٹی آئی میں عہدیداران اور ورکرز کی کوئی اہمیت نہ تھی ،آئندہ کی حکمت عملی ساتھیوں کی مشاورت سے طے کرونگا۔
واضح رہے کہ نومئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے درجنوں لیڈر اور کارکن پارٹی چھوڑ چکے ہیں اور بعض دیگر سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔
یاد رہےکہ نو مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی رینجرز کی معاونت سے نیب کےہاتھوں گرفتاری پرتحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنان نے ملک بھر میں جلائو گھرائو شروع کر دیا تھا، اس دوران عسکری اور دیگر سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔
ان واقعات میں ملوث افرادکیخلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں،اور درجنوں افراد گرفتار ہیں ،جبکہ متعدد افراد کو فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیلئے حوالے کیا جاچکا ہے۔
اس کے علاوہ سول اور عسکری قیادت متعدد بارنومئی کے واقعات میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کر چکی ہے۔