وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ کم آمدن افراد کیلئے اپنے آشیانے کے خواب کو پورا کریں گے ۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا اور سستا رہائشی منصوبہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ کم لاگت والے ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہو چکا۔ ہرسال دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔ بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 6 منزلہ فلیٹس بنائیں گے۔ پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں میں بھی 3 سے 5 مرلے تک گھر بنا کر دیں گے۔ عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کیلئے سبسڈیز حکومت دے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا اور سستا رہائشی پر اجیکٹ ہوگا، پروگرام کا بنیادی مقصد مالی طور کمزور طبقوں کو رہائش فراہم کرنا ہے، عوام پرمالی بوجھ کم کرنے کے لئے حکومتی سبسڈیز دیں گے، آسان ترین ماہانہ اقساط مقررکریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھرپروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھروں کی تعمیر کو فروغ دیا جائے گا، انقلابی ہاؤسنگ پراجیکٹ کے اجراء سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا، بے گھر لوگوں کو اپنے گھر کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام سود کے بغیر قرضوں کی فراہمی کے لئے ملکی تاریخ کاپہلا بڑا پراجیکٹ ہوگا، دیہات میں10مرلے تک اورشہروں میں 5مرلے تک رہائشی پلاٹ کے مالکان 15لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں، تقریباً 14ہزار روپے ماہانہ اقساط میں واپس کرنا ہوں گے، کوئی سود نہیں۔
بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 4منزلہ فلیٹس تعمیر کریں گے، فلیٹ آسان اقساط سے قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں کو مہیا کئے جائیں گے، پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں 3سے5مرلے تک گھربنا کر دیئے جائیں گے، پرائیویٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ میں حکومت ہر گھر کے لئے10 لاکھ روپے تک سبسڈی دے گی، پرائیویٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ درخواست دہندہ 5سالوں میں باقی اقساط ادا کرکےاپنےگھرکا مالک بن جائے گا۔
ڈاکٹرامجد ثاقب نے بجلی کے بلوں میں عوامی ریلیف اور اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا کہا عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے مریم نوازشریف کا جذبہ قابل تحسین ہیں۔