پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 262 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے جبکہ میزبان ٹیم نے دوسری اننگ میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 9 رنز بنا لیے ہیں ۔
تیسرا روز
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان کو بنگلہ دیش پر 22 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی ہے۔
اوپنر عبداللہ شفیق 3 اور خرم شہزاد صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ صائم ایوب 6 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے دونوں وکٹیں اپنے نام کی ہیں ۔
بنگلہ دیش کی پہلی اننگ
اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 262 رنز پویلین لوٹ گئی ۔
بنگلہ دیش نے پاکستان کے 274 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز 10 رنز سے کیا لیکن بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن شروع میں ہی لڑکھڑا گئی۔
اوپنر ذاکر حسن 16 گیندوں پر ایک رن بنا کر پاکستانی بولر خرم شہزاد کی بال پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دیگر 2 بنگلہ دیشی بیٹرز بھی فاسٹ بولر خرم شہزاد کا شکار بنے۔
اوپنر شادمان اسلام 23 گیندوں پر 10 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
ون ڈاؤن آنے والے بنگلہ دیشی بیٹر نجم الحسین شانتو کو بھی خرم شہزاد نے بولڈ کیا، وہ 6 گیندوں پر 4 رنز بناسکے، مومن الحق 2 گیندوں پر ایک رن بنا کر امیر حمزہ کی گیند پر محمد علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر خرم شہزاد نے 6 وکٹیں حاصل کیں، میرحمزہ اور سلمان آغا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسرا روز
میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جب کہ دوسرے روز کے اختتام تک بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 10 رنز بنائے تھے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہو گیا تھا تاہم میچ کے دوسرے روز مہمان بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست کے بعد پاکستان کے پاس 2 میچوں کی سیریز برابر کرنے کے لیے اب صرف 3 دن باقی رہ گئے ہیں جبکہ پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں محض 274 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ہے۔
یاد رہے کہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے سپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو میچ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے ٹیسٹ سکواڈ میں شان مسعود، سعود شکیل، ابرار احمد، محمد علی، سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد رضوان، عبداللہ شفیق اور خرم شہزاد شامل ہیں۔