پنجاب کابینہ نے اسلام آباد اور پنجاب کیلئے بجلی کے بلوں میں ریلیف کی منظوری دے دی ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا چودھواں اجلاس ہوا جس میں بجلی کے بلوں میں ریلیف کی منظوری دی گئی اور اس اقدام پر کابینہ ممبران نے وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا ۔
کابینہ کے اجلاس میں پنجاب زکوۃ وعشر کونسل کی تشکیل ، پنجاب بیت المال ایکٹ 1991کے تحت موجودہ پنجاب بیت المال کونسل تحلیل کرنے اور نئی بیت المال کونسل کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ 46 ارب روپے سے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا ویژن نواز شریف کا ہے اور کریڈٹ ان کو ہی ملنا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریلیف میں مدد فراہم کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ گرمیوں میں بجلی کے بل میں ریلیف دینے کیلئے کام ابھی سے شروع کردیاہے اور جلد سولر پینل پروگرام شروع ہوجائے گا ۔
انہوں نے بتایا کہ 200 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو ریلیف مل رہا ہے ۔
حکومت پنجاب کے ریلیف کیساتھ 20 لاکھ بجلی کے بل ادائیگی کیلئے صارفین تک پہنچ چکے ہیں۔