حکومت نے اگلے 10 سالوں میں ترسیلات زر کا حجم 30 ارب ڈالر سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کردیا۔
حکومت نے اگلے 10 سالوں میں ترسیلات زر دوگنا کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا، ترسیلات زر 30 ارب ڈالر سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر تک لے جایا جائے گا۔ پلان کے تحت ترسیلات زر میں سالانہ 3 ارب ڈالر سے زیادہ اضافے کیا جائے گا۔
ہدف کے حصول کےلیے اوورسیز پاکستانیوں کو مراعات و ترغیبات دی جائیں گی۔ گلف، یورپی ممالک اور امریکہ میں 26 کمیونٹی ویلفیئر اتاشی تعینات کیئے جائیں گے، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی پاکستانی شہریوں کو روزگار، نئے کاروبار اور منڈیاں تلاش کرنے میں مدد دیں گے۔
ذرائع کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) فورم بھی ترسیلات زر بڑھانے کیلئے متحرک ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے سہولیات دی جائیں گی، ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری پر اوورسیز پاکستانیوں کو بلیو پاسپورٹ جاری ہوں گے۔
دوسری جانب یورپی یونین کی مدد سے ہنر مند افرادی قوت میں اضافہ کرنے کا بھی منصوبہ بن رہا ہے، اس مقصد کیلئے 50 سے زیادہ نئے اسکل سنٹر کھولے جا رہے ہیں۔