بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 2024 کی سافٹ لانچ تقریب میریٹ ہوٹل اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان مہمان خصوصی تھے۔
آئیڈیاز کی سافٹ لانچ تقریب سے وفاقی وزیر برائے تجارت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''یہ واقعی بہت خوشی کی بات ہے کہ آئیڈیاز کو24 سال کے عرصے میں ہر گزرتے سال کے ساتھ اہمیت حاصل ہوتی جارہی ہے، میں اس تقریب کے منتظمین کو آئیڈیازمیں اندرون و بیرون ملک سے دفاعی صنعتوں کی شرکت کا منتظر ہوں۔وفاقی وزیر برائے جام کمال خان نے باضابطہ طور پر آئیڈیاز2024 کے آغاز کا اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن(DEPO) کا کہنا تھا کہ، آئیڈیاز ایک دو سالہ تقریب ہے جس کا 12 واں ایڈیشن 19 سے 22 نومبر 2024 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد کرنے کا منصوبہ ہے، آئیڈیاز کے ہر ایڈیشن میں شریک ممالک کی تعداد میں اضافے دیکھنے کو آرہا ہے، شریک ممالک کی تعداد میں اضافہ ان کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے،
ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن نے کہا کہ آئیڈیاز 2000ء میں 65 ممالک نے شرکت کی تھی جبکہ آخری دو ایڈیشنز میں یہ تعداد 530 تک پہنچ چکی ہے، آئیڈیاز 2024ء بین الاقوامی دفاعی نمائش کنندگان، مندوبین، سیکورٹی تجزیہ کاروں اور اعلیٰ سطحی پالیسی سازوں کے اکٹھے ہونے کے لیے ایک قائم مقام کے طور پر سمجھا جاتا ہے۔
آئیڈیاز 2024کی سافٹ لانچ تقریب میں آمد پر سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) چراغ حیدر اور ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO) نے وفاقی وزیر برائے تجارت کا استقبال کیا۔تقریب میں وفاقی وزراء، وفاقی سیکریٹریز، سفیروں کی کثیر تعداد، ہائی کمشنرز، سینئر ملٹری اور سول حکام، چیمبر آف کامرس کے صدور، تاجر برداری کی نمایاں شخصیات اور میڈیا نے شرکت کی۔