پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ جے شاہ کے چیئرمین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) بننے کا فائدہ کرکٹ کو ہونا چاہیے ۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی اپنے آپ سے نکلیں اور ملک کے لئے کھیلیں ہوم گراؤنڈ کا دباؤ ہمیشہ ہی ہوتا ہے ، کھلاڑی دباؤ برداشت نہیں کرسکتے تو پھر ان کا کیا فائدہ ہے، ہمارے کھلاڑی گرتے ہیں تو گرتے ہی چلے جاتے ہیں ، کھلاڑیوں کو اپنے مورال کو بلند کرنے کی ضرورت ہے ۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس وقت کامیابیاں حاصل کیں جب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہوتی تھی ، اس دوران ہم نے ورلڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا اور ٹیسٹ چیمپئن بنے ۔
یونس خان کا کہنا تھا کہ دس سال کے دوران ڈومیسٹک اسٹرکچر میں تبدیلی ہماری تباہی کی ذمہ دار ہے ، مجھے نہیں معلوم چیئرمین پی سی بی نے ڈومیسٹک میں ٹیلنٹ نہ ہونے کی بات کیوں کی ، ہمارے پاس اسٹار کھلاڑی اور ڈومیسٹک میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، کلب کرکٹ ہی اسٹریکچر کو مضبوط کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے شاہ کے چیئرمین آئی سی سی بننے کا فائدہ کرکٹ کو ہونا چاہیے اور انہیں اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین آئی سی سی کے اچھے اقدامات سے بھارت پاکستان آسکتا ہے اور اسی طرح پاکستان بھی بھارت کا دورہ کرسکتا ہے ۔