پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے ضلع راجن پور کے علاقہ کچے میں ڈیوٹی سے انکار کردیا ۔
فاروق آباد کانسٹیبلری سے کچے کے لئے روانہ ہونے والے 25 اہلکار راستے میں بس سے اُتر گئے اور انہوں نے وہاں ڈیوٹی سے انکار کر دیا ۔
4 روز قبل اہلکاروں کو کچے کیلئے روانہ کیا گیا تھا جو ظاہرپیر انٹرچینج کے قریب اترے ۔
ڈیوٹی سے انکار کرنے والے اہلکاروں کی جانب سے ریزرو انچارج کو کہا گیا کہ اپنے نقصان کے ذمے دارہیں لیکن کچے میں نہیں جائیں گے جس پر متعلقہ انچارج نے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کردی ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکاروں کا متبادل عملہ رحیم یارخان پہنچ چکا ہے اورآپریشن کے لیے طلب کی گئی نفری میں سے اب کوئی غیر حاضر نہیں ہے ۔
یاد رہے کہ آئی جی پنجاب عثمان انور بھی 4 روز قبل کچے میں جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے پہنچے تھے۔