صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف ) طارق بگٹی نے انکشاف کیا ہے کہ ایشین چیمئینز ٹرافی کے لئے قومی ہاکی ٹیم ادھار کی ٹکٹوں پر چین گئی ہے ۔
حالیہ انٹرویو میں صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ قومی کھیل ہاکی پر توجہ کی ضرورت ہے اور اس کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی گرانٹ دیں، ابھی تک ہاکی کو وہ مقام اور عزت نہیں دی جارہی ہے جس کی قومی کھیل کو ضرورت ہے ۔
صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ امید ہے ائیشین چیمئینز ٹرافی میں پاکستان ٹیم اچھے نتائج دے گی، بھارت سے مقابلہ مشکل ہوگا، وہ رینکنگ میں پاکستان سے بہت بہتر ہیں۔
طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کی رٹ قائم کرنے کے لئے اگلے ہفتے کراچی جائیں گے ،ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کا چارج واپس لیکر فیڈریشن کی رٹ قائم کروں گا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کو کراچی کے ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کا چارج لینے کےلئے خط لکھ رہے ہیں، متوازی فیڈریشن بنانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی کانگریس نے منظوری دے دی ہے ۔