اسلام آباد ہائیکورٹ میں اظہر مشوانی کے دو لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کا لاپتہ کارکن فیضان اور پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کے کچھ ملازمین بازیاب ہو کر گھر پہنچ چکے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے کارکن اظہر مشوانی کے دو لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کے کیس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا ہمیں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا ایک لاپتہ کارکن فیضان واپس آگیا ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے بتایا کہ تحریک انصاف سیکرٹریٹ کے کچھ ملازمین بھی گھر پہنچ گئے ہیں۔لاپتہ فیضان اب اپنے گھر پر ہے لیکن اُس کی حالت ٹھیک نہیں۔ اٹارنی جنرل منصور اعوان عدالت میں پیش ہوئے تو بابر اعوان نے کہا امید ہے آج اٹارنی جنرل کوئی خوشخبری سنائیں گے۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی عدالت میں پیش ہوئے اور مزید وقت کی استدعا کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اٹارنی جنرل کے مطابق انہوں نے لاپتہ شہریوں کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھا ہے۔ اٹارنی جنرل کی مزید دو سے تین دن کا وقت مانگنے کی استدعا منظور کی جاتی ہے۔ جو کارکن واپس آگیا ہے اس کی حد تک درخواست نمٹا دیتے ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔ لاپتہ نعیم احمد یاسین کا کیس بھی ساتھ ہی سنا جائے گا۔