وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا کہنا ہے کہ گوادرمیں بجلی،گیس نہ ہونےکی وجہ سے صنعتیں نہیں لگ رہی ہیں، بلوچستان میں لاقانونیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فیڈریشن ہاؤس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنےوالوں کی مداخلت موجود ہے،بلوچستان کے حالات پر حکومت مکمل سنجیدہ ہے،بے امنی کا ماحول پیدا نہیں کر سکتے، وزیراعلیٰ معاملات کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال کا اپنی گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ ریکوڈک میں معدنی ذخائرکی کھوج کامنصوبہ پلان کےمطابق جاری ہے،گوادرمیں سرمایہ کاری کیلئےباقاعدہ پلان بنانےکی ضرورت ہے،گوادرمیں بجلی،گیس نہ ہونےکی وجہ سے صنعتیں نہیں لگ رہی ہیں، گوادر کی بہتری کیلئے کام کرنا ہوگا، ماضی میں گوادر کیلئےصرف باتیں ہوئیں۔