ایران کے شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا ہے۔ جس میں 32 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
حادثے کے شکار ہونے والی بس میں 53 افراد سوار تھےو جن میں بیشتر کا تعلق لاڑکانہ، گھوٹکی سمیت اندرون سندھ سے ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بس کے زائرین ایران سے عراق جارہے تھے کہ ایرانی شہر یزد میں بس کے بریک فیل ہونے کے باعث وہ دیوار سے جا ٹکرائی، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ زائرین بس حادثے میں زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے، جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپونے کہا میتوں اورزخمیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے کوشاں ہیں، ضروری انتظامات کےلیے ایرانی حکومت اورمقامی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔
صدرآصف زرداری نے ایران میں بس حادثے پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو میتیں پاکستان لانے،زخمیوں کی بروقت طبی امداد کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بھی اظہارافسوس کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے کو لواحقین کی ہرممکن مدد کی ہدایت کی، علاج کی بہترسہولیات کیلئے ایرانی حکومت سے قریبی روابط کا بھی حکم دیا۔