بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے حوالے سے اجلاس میں ڈسکوز کی نجکاری کے ابتدائی امور کو حتمی شکل دے دی گئی۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈسکوز کی نجکاری کے ابتدائی امور کو حتمی شکل دی گئی۔ ڈسکوز کی نجکاری کے انٹرنیشنل میڈیا میں اشتہارات سترہ اگست کو جاری ہوئے۔ نجکاری کے تمام مراحل قوانین وضوابط کے مطابق جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو مرحلہ وار پرائیوٹائز کیا جارہا ہے۔ نجکاری شفاف بنانے کے لئے تکنیکی پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے۔وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے لیے اداروں کے ضروری امور جلد نمٹائے جائیں۔ دلچسپی رکھنے والے اداروں کی تفصیلات اور ڈیٹا تک رسائی یقینی بنائی جائے۔