وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے معائنے کے لئے پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے حاجی پور پہنچ گئیں ۔
منگل کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راجن پور کے علاقے حاجی پور میں ہیلی کاپٹر پر سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا اور حاجی پور گورنمنٹ ہائرسیکنڈری سکول میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ بھی کیا۔
مریم نواز نے ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے جانی نقصان نہ ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں، سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی جائے کوتاہی برداشت نہیں ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے خود نگرانی کر رہی ہوں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ وبائی امراض سے بچانے کے لئے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور اگلے سال راجن پور کی آبادیوں میں سیلاب نہیں آنا چاہیئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر سال لوگوں کو بے گھر ہونے سے بچانے کے لئے موثر پلان تیار کیا جائے ۔